نادرا پی ٹی آئی جلسوں میں خواتین سے بدتمیزی کرنے والے درندوں کو پہچاننے میں ناکام

cnnpoint اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد اور لاہور کے جلسوں میں خواتین سے بد تمیزی کرنے والے شر پسندوں کی شناخت کرنے میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) مکمل طور پر ناکام ہوگیا جس کے بعد سارا معاملہ ہی مشکوک ہوگیا اور بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ ملزمان کبھی نہیں پکڑے جاسکیں گے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق 21 اپریل کو اسلام آباد اور یکم مئی کو لاہور میں پی ٹی آئی نے جلسے کیے تھے جن میں کچھ شر پسند عناصر خواتین کے لیے مخصوص علاقے میں گھس گئے اور خواتین کے ساتھ انتہائی بدتمیزی کا مظاہرہ کیا ۔ خواتین کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آنے کے بعد بہت شور مچا اور ان واقعات کے مقدمات درج کرکے مختلف ٹی وی چینلز کی فوٹیج کی مدد سے وحشی درندوں کی شناخت کی ذمہ داری نادرا کو سونپی گئی تاہم قومی ادارہ اس اہم ذمہ داری سے عہدہ بر آ ہونے میں ناکام رہا اور اپنی ناکامی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی ۔نادرا کی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت نہیں کی جاسکتی ۔ نادرا کی جانب سے شرپسند عناصر کی پہچان میں ناکامی کے بعد سنجیدہ حلقوں کی جانب سے ادارے کی کارکردگی پر مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ اربوں روپے کے فنڈز سے چلنے اور دنیا کے بہترین ڈیٹا بیس ادارہ ہونے کا دعویدار نادرا شرپسندوں کو پہنچاننے میں ناکام کیوں ہوا ہے َ؟ اور کہیں قومی ادارے کا یہ اقدام بد نیتی پر تو مبنی نہیں ہے؟۔

Editor
Editor
Web Administrator at CNN POINT Admin is the Web Administrator of CNN Point, Admin is the Official Author of CNN Point