کراچی میں شاطر ملزمان نے لوٹ مار کا نیا طریقہ دریافت کر لیا، واردات کے بعد صدقہ و خیرات دینے کا مشورہ بھی دینے لگے

cnnpoint کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں شاطر ملزمان نے مسافر بسوں میں لوٹ مار کا نیا طریقہ دریافت کر لیا ہے اور کامیاب واردات کے بعد متاثرہ شخص کو گھر جا کر صدقہ و خیرات دینے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ملزمان کا ایک ساتھی منتخب کردہ شخص کے ساتھ جا کر بیٹھتا ہے اور اسے غلط نام سے پکارتے ہیں لیکن مسافر اپنا صحیح نام بتاتا ہے تو کہتے ہیں کہ اللہ کا شکر ادا کرو، تم بچ گئے۔ ملزمان پہلے ہی ادا کیا گیا نام لے کر کہتے ہیں کہ اس نام کی سپاری ملی تھی، رمضان ہے غلط بندہ نہیں مارنا چاہتے تھے اس لئے تمہارا نام پوچھ لیا، شکر کرو تم بچ گئے۔

ملزم بس میں اکیلا نہیں ہوتا بلکہ اس کے کچھ ساتھی بھی بس میں سوار ہوتے ہیں اور وہ اپنے ساتھ بیٹھے شخص کو ان کے بارے میں ناصرف بتاتا ہے بلکہ ان کی جانب دیکھ کر ہاتھ بھی ہلاتا ہے تاکہ اسے یقین ہو جائے کہ وہ اکیلا نہیں ہے۔ ملزمان مسافر کو یہ بھی بتاتے ہیں کہ اگر تم صحیح بندے ہوتے تو تمہیں مار کر فرار ہو جاتے، ہماری گاڑی بس کے ساتھ ہی چل رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ مسافر سے کہتے ہیں کہ کیا ہے تمہارے پاس، نکالو اور اس طرح اس کے پاس موجود نقدی و دیگر اشیاءلوٹ کر کسی بھی مقام پر اتر جاتے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم اترنے سے پہلے دور بیٹھے ساتھی کو ”یہ غلط بندہ ہے“ کا اشارہ کرتا ہے اور پھر لوٹنے والے مسافر کو گھر جا کر صدقہ و خیرات دینے کا مشورہ بھی دیتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں اس نوعیت کی وارداتیں 2,3 سال سے ہو رہی ہیں لیکن شہری تھانہ کلچر کی وجہ سے پولیس سے رابطہ نہیں کرتے کیونکہ پولیس شہریوں سے ثبوت مانگتی ہے۔

Editor
Editor
Web Administrator at CNN POINT Admin is the Web Administrator of CNN Point, Admin is the Official Author of CNN Point