جرمنی مضبوط ملک ہے،مہاجرین کے بحران سے نمٹ لیں گے، میرکل کا نئے سال کا پیغام

CNN-POINTبرلن (نمائندہ خصوصی)جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے نئے سال کے پیغام میں کہا ہے کہ مہاجرین کی آمد ملکی اقتصادیات میں بہتری کے علاوہ معاشرتی سطح پر بھی فائدہ مند ہو گی۔ وہ پُرامید ہیں کہ جرمنی اس بحران سے بخوبی نمٹ سکتا ہے۔ انہوں نے جرمن عوام کے نام نئے سال کے اپنے روایتی پیغام میں اعتراف کیا کہ مہاجرین کے جرمن معاشرے میں انضمام کے لیے وقت درکار ہو گا اور اس کے لیے ہمت اور رقوم بھی چاہیے ہوں گی لیکن جرمنی اتنا مضبوط ہے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹ لے گا۔جرمن چانسلر میرکل نے ملک میں بے روزگاری کی کم شرح اور بڑھتی ہوئی اجرتوں کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کے بہتر انضمام کے نتیجے میں ملک کو ہر حوالے سے فائدہ ہی ہو گا۔ انہوں نے جرمن عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بحران میں متحد رہیں اور حوصلے کا مظاہرہ کریں۔میرکل نے کہا کہ اگر مہاجرین کے بحران کے حل کے لیے درست اقدامات کیے جاتے ہیں تو یہ بحران مستقبل کے لیے بہتر مواقع میں تبدیل ہو جائے گا اوریہ حقیقیت ہے کہ ہمیں ایک مشکل وقت کا سامنا ہے۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ہم سرخرو ہو جائیں گے کیونکہ جرمنی ایک مضبوط ملک ہے۔یادرہے کہ انگیلا میرکل یورپ کے ان چند رہنماؤں میں شامل ہیں، جو ان مہاجرین کی یورپ آمد کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ قدامت پسند سیاستدان میرکل کا کہنا ہے کہ یہ جرمنی کا فرض ہے کہ وہ تنازعات اور مظالم سے فرار ہونے والے افراد کی مدد کرے۔دیگر کئی معاملات پر جرمن چانسلر میرکل کے قائدانہ موقف کے ساتھ ساتھ مہاجرین کے بحران کے حل کے لیے ان کی حکمت عملی کی وجہ سے ہی ٹائم میگزین نے انہیں اس سال کی ’’پرسن آف دا ایئر‘‘یا ’’سال کی سب سے اہم عالمی شخصیت‘‘ قرار دیا تھا۔ تاہم داخلی سطح پر مہاجرین کے بحران کی وجہ سے پیدا ہونے والے انتظامی مسائل کے باعث کئی حلقے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔واضح رہے کہ 2015 کے دوران جرمنی پہنچنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد ایک ملین سے زائد ہو چکی ہے۔ یورپ کے کسی ملک میں بھی مہاجرین کی اتنی بڑی تعداد نہیں پہنچی۔

Editor
Editor
Web Administrator at CNN POINT Admin is the Web Administrator of CNN Point, Admin is the Official Author of CNN Point