نریندر مودی 4 جون کو افغانستان جائیں گے، بھارتی فنڈز سے تعمیر ڈیم کا افتتاح کریں گے

cnnpointنئی دہلی(این این آئی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دورہ امریکہ سے قبل رواں ہفتے افغانستان کا دورہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نریندر مودی اگلے ماہ 8 جون کو امریکہ میں کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے۔ بھارتی چینل این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم مودی 4 جون کو پہلے افغانستان جائیں گے جہاں وہ ہرات میں سلما ڈیم کا افتتاح کریں گے جس کیلئے فنڈز بھارت نے فراہم کیے۔ بعدازاں وزیراعظم مودی 5 جون کو قطر روانہ ہوں گے، جہاں وہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد التھانی سے تجارتی روابط، خصوصاً ہائیڈرو کاربن سیکٹر کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات سے قبل نریندر مودی 6 جون کو سوئٹزرلینڈ میں بھی رکیں گے، جہاں وہ سوئس حکام کے ساتھ بلیک منی کا معاملہ اٹھائیں گے۔امریکہ میں نریندر مودی 7 اور 8 جون کو دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے 8جون کو وہ امریکی کانگریس کے ایک مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔رپورٹس کے مطابق 10 جون کو بھارت واپسی سے قبل نریندر مودی میکسیکو کا دورہ بھی کریں گے۔

Editor
Editor
Web Administrator at CNN POINT Admin is the Web Administrator of CNN Point, Admin is the Official Author of CNN Point