لیونل میسی کا ہمشکل ایرانی نوجوان


دنیا میں کئی افراد کسی نہ کسی کے ہم شکل ہوتے ہیں اور وہ ان سے اتنی مشابہت رکھتے ہیں جس پر دھوکا بھی ہوجاتا ہے لیکن ایرانی نوجوان رضا پاراسٹیش ارجنٹینا کے فٹبالر لیونل میسی سے اتنا مشابہت رکھتا ہے جس پر مداح اسے میسی سمجھ بیٹھے اور نوجوان کو ناخوشگوار صورتحال پیدا ہونے پر پولیس نے پکڑ لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے نوجوان رضا پاراسٹیش ارجنٹینا کے معروف فٹبالر لیونل میسی کے بہت بڑے مداح ہیں اور ان کی شکل بھی اپنے پسندیدہ فٹبالر سے ملتی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنے بال اور داڑھی کا اسٹائل بھی ویسا ہی رکھا ہے جیسے آج کل میسی نے اپنایا ہوا ہے اور وہ بارسلونا کی 10 نمبر کی جرسی بھی پہنے رکھتے ہیں۔

ایرانی نوجوان کا یہ عمل انہیں اس وقت مہنگا پڑ گیا جب انہیں دیکھنے کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا اور شہری میسی کے ہمشکل کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے تاہم اس عمل سے سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس پر پولیس نے انہیں پبلک آرڈر خراب کرنے پر گاڑی سمیت حراست میں لے لیا تاہم بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا۔
رضا پاراسٹیش کی ’’میسی‘‘ سے مشابہت کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب ان کے والد نے اپنے 25 سالہ بیٹے کی تصاویر ایک ویب سائٹ کو فراہم کیں جس پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور ان کے پاس انٹریوز کے لیے فون کالز آنے لگ گئیں جب کہ کئی پروڈکشن ہاؤس نے انہیں ماڈلنگ کی آفر بھی کی ہے۔

نوجوان نے اپنے ہیرو ’’لیونل میسی‘‘ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فٹبال بہت پسند ہے تاہم انہوں نے کبھی بڑی سطح پر یہ گیم نہیں کھیلا۔

Shahid Ghuman
Shahid Ghuman
شاہد گھمن ورسٹائل صحافی ہیں اور ان کا صحافت کا 20سالہ تجربہ ہے۔ان کی بین الاقوامی امور پر گرفت ہے۔شاہد گھمن نہ صرف صحافی ہیں بلکہ اینکر پرسن ہیں اور مختلف ٹی وی پروگرامز کے میزبان بھی ہیں۔