دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، وزیراعظم


افغانستان کو بھی چاہیے کہ وہ بھی دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے، نوازشریف،فوٹو:فائل
ریاض: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ تمام ممالک کو چاہیئے کہ وہ دنیا سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیئے مشترکہ جدوجہد کریں۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب امریکا اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے بعد مدینہ منورہ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاض کانفرنس دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے سلسلے میں ایک اچھا قدم ہے اور اس کے اغراض و مقاصد مثبت ہیں جس کے باعث انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اچھے نتائج سامنے آئیں گے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ دنیا کے تمام ممالک دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے لئے مشترکہ جدوجہد کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دیں اور دہشت گرد حملوں کے باعث پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت مثبت رہی اور ان سے غیررسمی گفتگو کے دوران دہشت گردی سے متعلق آگاہ کردیا تھا، صرف وقت کی کمی کے باعث تقریر کا موقع نہیں ملا کیوں کہ کانفرنس سوا گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی تھی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بھی چاہیے کہ وہ بھی دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے اور جس طرح مغربی ممالک دہشت گردوں کے خلاف متحد ہیں اسی طرح تمام مسلم ممالک کو دہشت گردی کے خلاف صف آرا ہونا چاہیے ۔

Editor
Editor
Web Administrator at CNN POINT Admin is the Web Administrator of CNN Point, Admin is the Official Author of CNN Point